Aaj Logo

شائع 25 اپريل 2022 10:15pm

الگ الگ الیکشن لڑ کر ہوسکتا ہے ہم پھر اکھٹی حکومت بنالیں: قمر زمان کائرہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ الگ الگ الیکشن لڑ کر ہوسکتا ہے ہم پھر اکھٹی حکومت بنالیں۔

آج نیوز کے پروگرام 'فیصلہ آپ کا' میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آج چارٹر آف ڈیماکریسی پارٹ ٹو کرنا ہے، احتساب کا نظام پگڑیاں اچھالنے کے لئے نہ ہو، عمران خان کی سیاسی بقا صرف تصادم میں ہے اور تصادم کا راستہ تباہی کا راستہ ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں آپ کے ساتھ عدالت گیا، ہم نے اپنے اکاؤنٹ پہلے ہی دیئے ہوئے ہیں اس لیے ہم پی ٹی آئی کو نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کو جوابدہ ہیں۔

دوسری جانب پروگرام میں سینئر رہنما تحریک انصاف اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت 2012 تک جو اکاؤنٹ آپریٹ کرتے رہے، ان اکاؤنٹ پر ان کے دستخط بھی ہیں جبکہ یہ کہتے ہیں کہ ہمیں تو یہ اکاؤنٹ 2018 تک معلوم نہیں تھے، ہمارے پاس اس کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عارف نقوی کی کمپنی میں 1 ارب ڈالرز کے گھپلے ہوئے، نیویارک میں ان پر کیس ہوا، انہیں وہاں سے نکلنا پڑا، نیویارک میں کیس چلے گا تو پتہ چلے گا پیسہ کہاں گیا۔

اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ 2013 کے بعد بڑے پیمانے پر فنڈنگ ہوئی ہے، سازش عوام اور اداروں کو آمنے سامنے لانے کیلئے اس وقت ہوئی جب بھارتیوں کے ذریعے ایک سیاسی جماعت کی فنڈنگ ہوئی تھی۔

Read Comments