Aaj Logo

شائع 27 اپريل 2022 11:48am

ترکی میں پاکستانیوں کیلئے ویزا پالیسی سخت کردی گئی

استنبول: ترکی میں پاکستانیوں کی جانب سے جرائم میں ملوث ہونے کے واقعات کے بعد پاکستانیوں کیلئے ترکی میں ویزا پالیسی سخت کردی گئی،دوسری جانب عارضی رہائش کا اجازت نامہ جاری کرنا بھی بند کردیا گیا ۔

ترکی کے شہر استنبول میں منگل کے روز پاکستانی نوجوانوں نے مبینہ طور پر چار نیپالی باشندوں کو اغواءکرلیا۔

تکسیم اسکوئر پر چہل قدمی کرنے والے شہریوں کوبندوق کی نوک پرترغمال بنایا گیا اور پھر انہیں ایک گھر میں منتقل کردیا گیا،مغویوں پرتشدد کیا گیا اور ویڈیوز بھی بنائی گئی۔

یرغمال کی رہائی کیلئے 10ہزار یورو تاوان کا مطالبہ کیا گیا، اطلاع ملنے پر پولیس نےترکی کے شہر ایپسلطان میں ایک گھر میں کارروائی کی، چھاپے کے دوران 6مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیا گیا جبکہ پولیس نے ملزمان سے چاقو اور پستول برآمد کرلی۔

کچھ روز قبل عمران خان کی حکومت ختم ہونے کیخلاف استبول میں کچھ نوجوانوں نے احتجاج کیا جس پر پولیس نے مظاہرین کو حراست میں لے لیا ۔

ترکی میں ہرقسم کےاحتجاج پر پابندی عائد ہے،بغیر اجازت احتجاج پر سخت سزا دی جاتی ہے۔

ترکی میں مقیم پاکستانیوں نے ان واقعات پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات سےبیرون ملک انھیں شرمندگی کاسامناکرنا پڑتا ہے۔

ترکی کی آزادی کی تحریک میں برصغیرکے مسلمانوں کی جانب سےلازوال حمایت پر ترکی کے عوام پاکستانیوں سے خصوصی محبت کرتے ہیں،ایسے واقعات سےملکی تشخص اوردوطرفہ تعلقات کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے۔

Read Comments