Aaj Logo

شائع 12 جون 2022 07:36pm

مکہ میں حجاج کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ

مکہ میں واقع پاکستان حج مشن میں اتوار کو اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حجاج کرام کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

حج مشن مکہ میں ڈائریکٹر جنرل حج ابرار مرزا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستانی حجاج کی دی جانے والی سہولیات جیساکہ رہائش، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

حج مشن کے ارکان سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل حج ابرار مرزا کا کہنا تھا کہ حجاج کرام کو سہولیات فراہم کرنا ہمارا اولین فرض ہے جون 14 سے پاکستانی حجاج مکہ پہنچنا شروع ہوجائیں گے جن کی خدمات کے لئے حج مشن کا عملہ پوری طرح تیار ہے۔

اس میں مدینہ اور جدہ سے حجاج کو مکہ لانے کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

حجاج کو 24 گھنٹے طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہسپتال اور ڈسپنسری کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر حج مکہ ساجد اسدی اور ڈائریکٹر میڈیکل مشن کرنل ندیم عباس سمیت دیگر حکام بھی شریک تھے۔

Read Comments