Aaj Logo

اپ ڈیٹ 15 جون 2022 06:19pm

معروف پاکستانی اداکار تنویر جمال میں 2016 کے بعد ایک بار پھر کینسر کی تشخیص

ٹوکیو: معروف پاکستانی اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تنویر جمال میں دوسری مرتبہ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد وہ علاج کے لیے جاپان منتقل ہوگئے۔

اداکار نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنے چاہنے والوں سے اپنی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

تنویر جمال گذشتہ 35 برسوں سے اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے پاکستان میں اہم مقام رکھتے ہیں۔ انہیں ان کی بہترین اداکاری پر پی ٹی وی کی جانب سے بیسٹ ایکٹر ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

تنویر جمال نے پرائیوٹ پروڈکشن میں سب سے پہلے ایکشن سے بھرپور میگا ڈرامہ سیریل 'گاڈ فادر' کو ڈائریکٹ اور پروڈیوس کرکے اپنا نام بنایا جب کہ یہ ڈرامہ سیریل پاکستان اور جاپان میں ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے درجنوں معروف ڈراموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ 'اب پیمبر نہیں آئیں گے' اور عنقریب ریلیز ہونے والی فلم 'جاپان کنکشن' ڈائریکٹ اور پروڈیوس کی ہے۔

تنویر جمال 2016 میں پہلی دفعہ کینسر کے مرض کا شکار ہوئے تھے۔

وہ علاج کے بعد صحتیاب ہوگئے تھے لیکن چند ماہ قبل انہیں پھر سے تکلیف ہوئی اور ان میں ایک بار پھر کینسر کی تشخیص ہوئی جس سے ان کی صحت کافی متاثر ہوئی۔

Read Comments