Aaj Logo

اپ ڈیٹ 17 جون 2022 12:05pm

تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 28 جون تک توسیع

لاہور:تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے روز لاہور میں توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے معاملے پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنماؤں کی ضمانتوں میں 28 جون تک توسیع کر دی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، پی ٹی آئی رہنماؤں کی طرف سے برہان معظم ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

تحریک انصاف کے رہنما ءحماد اظہر، میاں اسلم اقبال، عمیر نیازی، مراد راس، یاسمین راشد، جمشید چیمہ، مسرت جمشید، اعجاز چوہدری ،یاسر گیلانی، عندلیب عباس سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔

سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی،جس میں بتایا گیا کہ شفقت محمود کا آپریشن ہوا ہے، آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں نے تھانہ گلبرگ، شاہدرہ میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

تحریک انصاف کے وکیل نے بتایا کہ پولیس ابھی تک ملزمان کو الزام ہی نہیں بتارہی، پولیس الزام کی بابت معلومات دے گی تو حتمی بحث کر دیں گے۔

عدالت نے پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 28 جون تک توسیع کردی۔

Read Comments