Aaj Logo

شائع 13 جولائ 2022 12:13pm

محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل سے موسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی

کراچی :شہر قائد والے ایک بار پھر تیارہوجائیں کیونکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل سے موسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق شہر قائد میں بادل پھر برسیں گے، کراچی کے جنوب میں بارش برسانے والا نیا سسٹم بن رہا ہے، بارش برسانے والا دوسرا طاقتور سسٹم انڈیا کے راجھستان سے سندھ میں داخل ہوگا۔

اس سسٹم کے تحت کل 14 جولائی سے شہر میں موسلادھار بارشیں ہوں گی جس کا سلسلہ 18 جولائى تک برقرار رہے ،سسٹم کے تحت کراچى، حيدرآباد، بدين، ٹھٹہ، دادو، تھرپارکر، سانگھڑ اور دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل شام سے شروع ہونے والے بارش برسانے والے سسٹم سے گزشتہ ہونے والی بارشوں کے مقابلے میں شہر میں اس سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔

ملک میں مزید مون سون بارشوں کا امکان، این ڈی ایم اے کی نئی ایڈوائزری جاری

دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں مزید مون سون بارشوں کا امکان ہے، این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں اور اتھارٹیز کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کردی۔

صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مشینری و عملہ بشمول نکاسی آب کے پمپس اورپٹرول کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔

این ڈی ایم اے نے کہا کہ متعلقہ محکمے مقامی آبادی کو اربن فلڈنگ کے خطرات و احتیاطی تدابیرسے مسلسل آگاہ رکھیں، سیلابی خطرے سے دوچارعلاقہ مکینوں کا محفوظ مقامات پرانخلاء یقینی بنائیں، پناہ گاہوں میں خوراک اور ادویات کی پیشگی دستیابی یقینی بنائیں جبکہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔

Read Comments