Aaj Logo

شائع 13 جولائ 2022 03:22pm

پنجاب بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں کو رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی میں رعایت

لاہور: پنجاب بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں کو رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی میں مزید ایک ہفتے کی رعایت دے دی گئی، محکمہ لیبر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

تاجر برادری کی سنی گئی، پنجاب میں بازاروں اور مارکیٹوں کو رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی میں رعایت دے دی گئی۔

محکمہ لیبر نے اوقات کار کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ،جس کے مطابق مزید ایک ہفتہ مارکیٹیں رات دیر تک کھولی جاسکتی ہیں، پنجاب بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں پر پابندی کے خاتمے کا اطلاق 19جولائی تک رہے گا۔

محکمہ لیبر نے 19جولائی تک تمام سابقہ نوٹیفکیشنز معطل کر دئیے جبکہ 19جولائی تک تمام مارکیٹیں اور دکانیں پابندی سے مستثنی ہوں گی۔

اس سے قبل 3 جولائی کو عید الاضحیٰ کی مناسبت سے پنجاب حکومت نے توانائی بچت مہم کے تحت صوبے بھر کی مارکیٹس رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی اٹھا لی تھی۔

سیکرٹری لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ پنجاب کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ اتوار 3 جولائی سے پنجاب بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں کو رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے جبکہ پابندی کے خاتمے کا اطلاق 9جولائی چاند رات تک رہے گا۔

Read Comments