شائع 20 جولائ 2022 03:23pm

انڈیا میں وزیر داخلہ امت شاہ کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرنے پر فلم ساز گرفتار

انڈیا میں ایک فلم ساز کو وزیر داخلہ امت شاہ کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق فلم ساز اویناش داس نے امت شاہ کی پوجا سنگھل نامی افسر کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی، جن پر بدعنوانی کا الزام ہے۔

واضح رہے کہ پوجا سنگھل کو منی لانڈرنگ کے ایک کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے اپنے اوپر لگے الزامات کی تردید کی ہے۔

اویناش داس سوشل میڈیا پوسٹ کی وجہ سے حالیہ ہفتوں میں گرفتار ہونے والے دوسرے ہائی پروفائل شخص ہیں۔

جون میں پولیس نے صحافی محمد زبیر کو 2018 میں کی جانے والی ایک ٹویٹ کی وجہ سے گرفتار کیا تھا۔

انڈیا کی مغربی ریاست گجرات میں پولیس نے اویناش داس کے خلاف جون میں مقدمہ درج کیا تھا، جس میں لکھا گیا تھا کہ ان کی ٹویٹ کا مقصد لوگوں کو گمراہ کرنا اور امت شاہ بدنام کرنا تھا۔

پولیس نے اویناش داس کے خلاف ایک خاتون کی انڈین پرچم پہنے ہوئے تصویر فیس بک اور انسٹاگرام پر شیئر کرنے پر بھی مقدمہ درج کیا تھا۔

انڈین قانون قومی پرچم کو لباس کے طور پر استعمال کرنے کی اجازات نہیں دیتا۔

اویناش داس نے گرفتاری سے بچنے کے لیے جون میں گجرات کی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم ان کی درخواست مسترد کی دی گئی تھی۔ انہیں پیر کو ممبئی میں گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے اب سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے، جو ان کی درخواست پر سماعت جمعے کو کرے گی۔

Read Comments