فیصل آباد: تشدد کا شکار خدیجہ کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

مرکزی ملزم دانش کو عدالت میں پیش نہ کیا جاسکا۔
شائع 18 اگست 2022 03:09pm

فیصل آباد میں تشدد کا شکار خدیجہ کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی، رپورٹ میں جنسی تشدد کے شواہد مل گئے۔

طالبہ خدیجہ تشدد کیس میں مرکزی ملزم دانش کو عدالت میں پیش نہ کیا جاسکا، ملزم دانش کو آج صبح آٹھ بجے عدالت پیش کرنا تھا۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق طالبہ خدیجہ پر جنسی تشدد کے شواہد ملے ہیں، جس کے بعد نمونے مزید تجزیے کیلئے لاہور بھجوا دیے گئے۔رپورٹ کے مطابق فرانزک رپورٹ آنے پرمعاملہ سامنے آئے گا۔

اس سے قبل، طالبہ خدیجہ پر تشدد اور انسانیت سوز سلوک کرنے والے 5 ملزمان کو عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

مرکزی ملزم صنعت کار شیخ دانش کو آج عدالت میں پیش کیا جانا تھا، جبکہ گرفتار ملزمہ ماہم نےاپنے بیان میں تمام واقعہ جھوٹا اور من گھڑت قرا دیا ہے۔

خدیجہ کو مبینہ طور پر شادی کے لیے رضامند نہ ہونے، اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنانے اور اس کے بال کاٹے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد سول سوسائٹی کی جانب سے بھی معاملے پر سخت تنقید کی جارہی ہے۔

Read Comments