Aaj Logo

اپ ڈیٹ 27 اگست 2022 03:48pm

پاکستان ریلویزکے مسافروں کوٹکٹ رقوم کی واپسی کا معاملہ کھٹائی میں

پاکستان ریلویز نے بارشوں کے باعث کراچی جانے والی ٹرینوں کی روانگی روک دی جس کے بعد لاہورکے ریلوے اسٹیشن پرمسافروں کو ٹکٹ کی رقم واپس کی جارہی ہے لیکن آدھا سفرطے کرنے کےبعد واپس جانے والے تاحال منتظرہیں۔

ٹرینوں کی روانگی موخرکیے جانے کے بعد سے مسافروں کے لیے ٹکٹ ری فنڈ کا سلسلہ جاری ہے، تاہم جن مسافروں کو گذشتہ روزخیبر میل، کراچی ایکسپریس اور دوسری ٹرینوں سے کراچی روانہ کیے جانے کے بعد آدھے راستے سے واپس لاہور لایا گیا، انہیں رقوم کی واپسی کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔

ان مسافروں کی پریشانی دور کرنے کیلئے عملے کے پاس کوئی حل موجود نہیں کہ آیا انہیں ٹکٹ کی نصف رقم واپس کی جائے یا پورے پیسے واپس دیے جائیں۔

اس حوالے سے آج نیوزسے بات کرتے ہوئے اسٹیشن مینجرظفراقبال نے بتایا کہ یہ معاملہ افسران بالا کے سامنے رکھا جائے گا۔

ظفراقبال کے مطابق روانہ نہ ہونے والے مسافروں کو گزشتہ رات تک 13 لاکھ روپے ری فنڈ کیے جا چکے ہیں۔

ذرائع پاکستان ریلوے کے مطابق گذشتہ روز سے اب تک کراچی جانے والے مسافروں کو مختلف اسٹیشنز سے ٹکٹ ری فنڈنگ کی مد میں 65 لاکھ روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔

Read Comments