Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2022 09:09pm

میرے نام سے عمران خان کیخلاف پوسٹس جعلی ہیں، انور مقصود

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس کے منی تھیسز شو 2022ء کا انعقاد آرٹ گیلری میں کیاگیا جس میں معروف ادیب و مزاح نگار انور مقصود نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں انور مقصود نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے میں بہت پریشان تھاآج ان طلباء کا کام دیکھ کر میری پریشانی کم ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان بچوں کا کام ایسا ہے کہ جب تک اپ دیکھیں گے نہیں پتا نہیں چلے گا، یہ طلباءجب یہاں سے جاتے ہیں انہیں ملازمت مل جاتی ہے کوئی بیروزگار نہیں رہتا، بچے اپنی پڑھائی کو لے کر خوش اور مطمئن ہیں۔

آرٹ اسکول کے پرنسپل شاہد رسام نے کہاکہ یہ انڈس ویلی اسکول آف آرٹ اور اقراء یونیورسٹی کا مشترکہ پراجیکٹ ہے جس کا نام “کھوج “ ہے، مجھے بہت فخر ہو رہا ہے کہ ہمارے طلبا نے شاندار کام کیا ہے، ہماری جیوری نے بھی کہا کہ ایسا کام دیگر بڑے اداروں میں نہیں دیکھا۔

تھیسز شو میں کمیو نیکیشن ڈیزائن کے 8طلباءکی زبردست تخلیقات نمائش کے لیے پیش کی گئی جبکہ طلباء نے مختلف موضوع پر فوٹو گرافی اور ڈاکومینٹری کے ذریعے اپنے فن کو نمایاں کیا۔

منی تھیسز شو 2022ءمیں قوتِ گویائی اور سماعت سے محروم طالبات کی تخلیقات شرکاء کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔

بعدازاں انور مقصود نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے نام سے چلنے والے بیانات جعلی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اکثر میرے نام سے عمران خان کے ، کبھی فوج کے اور کبھی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف بیان آجاتا ہے پھر مجھے فون کرکے قسم کھاتے ہوئے بتانا پڑتا ہے کہ میں نے ایسا کچھ نہیں کہا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی سیلاب میں سیاست کی بات نہ جائے کیونکہ سیلاب زدہ بچوں کو دیکھ کر تکیلف ہوتی ہے۔

سیلاب متاثرین کیلئے ہم جو بھی کر رہے ہیں وہ ہم اپنے لیے کر رہے ہیں وہ متاثرین بھی ہم میں سے ہی ہیں اور اپنوں کیلئے امداد نہیں ہوتی یہ عنایتیں ہیں ۔

Read Comments