Aaj Logo

شائع 07 ستمبر 2022 08:53am

مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاسپورٹ واپسی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

مریم نواز نے درخواست ایڈووکیٹ امجد پرویز کی وساطت سے دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 4سال سے پاسپورٹ عدالتی تحویل میں ہے،ابھی تک نیب چوہدری شوگر مل کا چالان پیش نہیں کر سکا سکا،عدالت نے میرٹ پر میری ضمانت منظور کی ہے۔

درخواست گزار کا یہ بھی کہنا تھا کہ لمبے عرصے کے لیے کسی بھی شخص کو اس کے بنیادی حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ پرویز مشرف اور ایان علی کے کیسز کے فیصلے اس کی نظیر ہیں۔

مزید پڑھیں: لاہور میں نواز شریف، مریم نواز سمیت دیگر کے خلاف مقدمے کی درخواست

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔

اس سے قبل 27 اپریل کومریم نواز نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر پاسپورٹ واپسی کی درخواست واپس لے لی تھی ۔

جس پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل 2رکنی بینچ نے کیس نمٹا دیا تھا۔

مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کی مریم نواز کی عمرے پر جانے کی درخواست پر سماعت سے معذرت

واضح رہے کہ 26 اپریل کو مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی سے متعلق درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے سماعت سے معذرت کے بعد 3 بینچز تحلیل ہوئے ۔

بعد ازاں درخواست پر سماعت کیلئے چوتھی مرتبہ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل نیا 2 رکنی بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔

Read Comments