Aaj Logo

شائع 16 اکتوبر 2022 02:41pm

ضمنی الیکشن: سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا میں تصادم اور بدنظمی کے متعدد واقعات

سندھ، پنجاب اورخیبرپختونخوا میں ضمنی الیکشن کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں، تصادم اور بدنظمی کے بھی متعدد واقعات رپورٹ ہوئے۔

اے این پی کے رہنما اور پشاور سےامیدوارغلام احمد بلور کی ووٹ پرسب کے سامنے مہر لگانے کی ویڈیو سامنے آگئی۔

ملتان ،فیصل آباد اور شرقپور میں ووٹرز نے بیلٹ پیپرز کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل کردیں۔

فیصل آباد میں ووٹرز نے بچے سے بیلٹ پیپر پرمہر لگوا کر ووٹ کاسٹ کرایا۔

ملتان میں پولنگ اسٹیشن میں خواتین کی ویڈیو بنانے پر پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمین حامد جنجوعہ کو گرفتارکرلیا گیا ۔

چارسدہ میں اسلحہ کی نمائش پر 5 افراد دھر لیے گئے جبکہ خانیوال کے پولنگ اسٹیشنز نمبر 52 پر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے کارکنان میں تصادم ہوا۔

پشاورمیں میونسپل گرلز انٹرکالج کے پولنگ اسٹیشن میں بھی پی ٹی آئی اورن لیگی کارکنوں میں تلخ کلامی ہوئی۔

میونسپل انٹرکالج کےایک اور پولنگ اسٹیشن میں پی ٹی آئی کے ناظم کے محافظ اور پولیس اہلکارمیں ہاتھا پائی ہوئی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکارزخمی ہوگیا۔

پولیس نے ناظم کے محافظ کو گرفتار کرکے مقد مہ درج کرلیا۔

Read Comments