Aaj Logo

شائع 19 اکتوبر 2022 09:11pm

ہرجانہ کیس: علی ظفر کی میشا شفیع کا پاسپورٹ عدالتی تحویل میں لینے کی درخواست

سیشن عدالت میں میشا شفیع کے خلاف علی ظفر کے ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی جہاں گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کا پاسپورٹ عدالتی تحویل میں لینے کی درخواست داٸر کر دی۔

سیشن عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوٸی تو میشا شفیع جرح کے لیے پیش نہ ہوٸیں، ان کی جانب سے درخواست داٸر کی گٸی کہ جوڑوں کے درد کی وجہ سے عدالت میں جرح کے لیے نہیں آ سکتی۔

علی ظفر کے وکیل عمر گل نے میشا شفیع کا پاسپورٹ عدالتی تحویل میں لینے اور انھیں پیشی کے لیے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی درخواست داٸر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ میشا شفیع جان بوجھ کر عدالتی کاررواٸی سے بچنا چاہ رہی ہیں ۔میشا شفیع پہلے بھی جرح مکمل کرواٸے بغیر باہر چلی گٸیں اب بھی خدشہ ہے کہ وہ ملک سے باہر چلی جاٸیں گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میشا شفیع اس بار بھی عدالت میں پیش ہونے کے لیے نہیں آٸیں بلکہ فلم لیجنڈ اف مولا جٹ کے پریمٸیر میں شرکت کے لیے آٸیں جس میں ان کا بھاٸی کام کر رہا ہے ۔

میشا شفیع کا شوہر کٸی ماہ پاکستان میں رہا مگر اسے جرح کے لیے عدالت پیش نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ میں یقین دھانی کے باوجود میشا شفیع کا شوہر عدالت پیشی کی بجاٸے واپس چلا گیا ۔

میشا شفیع نے سپریم کورٹ میں حقاٸق چھپا کر ویڈیو لنک سے جرح مکمل کروانے کی درخواست داٸر کی،اب میشا شفیع نے 18 اور 19 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہونے کی یقین دھانی کرواٸی مگر نیا عذر تراش لیا۔

میشا شفیع بار بار عدالت میں پیشی سے بچنے کے لیے عذر تراشتی رہی ہیں ، عدالت حکم دے کہ میشا شفیع جرح مکمل کرواٸے بغیر کینیڈا واپس نہ جاٸے ۔

عدالت میشا شفیع کا پاسپورٹ تحویل میں لینے اور پیشی کے لیے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دے ۔

تاہم گلوکارہ کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت میشا شفیع کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے جس پر ایڈیشنل سیشن جج نے سماعت ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ گلوکار علی ظفر نے جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرنے پر میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔

Read Comments