Aaj Logo

شائع 15 نومبر 2022 01:18pm

کراچی: دورانِ ڈکیتی شہری ہزاروں ڈالرز، یوروز سے محروم

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

سینئیر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ تین ملزمان بلال نامی شہری سے بلاک 14 کے مکان نمبر D-79 پر واردات کر رہے تھے، بلال منی ایکسچینج سے رقم گھر لے کر پہنچا تھا۔

تھانہ گلستان جوہر کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ دو ملزمان بلال سے چھینے گئے ایک ہزار یورو، ایک ہزار ڈالر اور ایک لاکھ پچیس ہزار روپے لے کر موقع سے فرار ہو گئے۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے موقع پر ہی غیر قانونی اسلحہ، 30 بور پسٹل بمعہ راٶنڈ برآمد کرلیا گیا۔

گرفتار ملزم کی شناخت دیدار ولد عیدن کے نام سے ہوٸی۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزم سے بعد از گرفتاری مدعی سے چھینا گیا پرس، شناختی کارڈ کی کاپی اور 2 ہزار روپے نقدی اور ملزم کی زیرِ استعمال موٹر سائیکل KMX-8452 بھی برآمد کی گئی جس کی تصدیق کی جا رہی ہے۔

سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 950، 951/2022 جرم دفعہ 397/34 ت پ، 231A سندھ آرمز ایکٹ کے تحت تھانہ گلستان جوہر میں درج کرلیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم کے دیگر فرار ساتھیوں کی تلاش جاری ہے اور گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزم کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے۔

ملزم دیدار کو مزید تفتیش کے لئے شعبہ تفتیش کے حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

Read Comments