Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2022 10:00am

حلیم عادل شیخ کیخلاف اراضی پر قبضہ کے الزام میں مقدمہ درج، رہائشگاہ پر چھاپہ

حلیم عادل شیخ گھرپولیس کی بھاری نفری پہنچنے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

حلیم عادل شیخ کے خلاف تھانہ گلشن معمار میں مقدمہ ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) حکام کی مدعیت میں اقدام قتل، دہشتگردی کی دفعہ سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ اراضی پر قبضہ واگزار کرانے پر فائرنگ کی بنا پر درج ہوا ہے جس کے بعد پولیس حلیم عادل شیخ کی رہائشگاہ پہنچی جو کہ کسی کو حراست میں لیے بغیر وہاں سے روانہ ہوچکی ہے۔

اس سے قبل کراچی پولیس نے پی ٹی آئی رہنما اور قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ کی رہائشگاہ کا محاصرہ کیا۔

دوسری جانب ترجمان حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے بغیر وارنٹ گھر میں گھُس کر توڑ پھوڑ کی، اس وقت 15 سے زائد پولیس موبائل اور خواتین پولیس کے ہمراہ چھاپے مارے گئے جب پی ٹی آئی رہنما گھر میں موجود نہیں تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ حلیم عادل شیخ کے اہلِ خانہ کو پولیس کی جانب سے ہراساں کیا گیا، سندھ حکومت کی ایما پر پولیس سیاسی انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ عمران خان کے کھلاڑی ہیں وہ ڈرنے والے نہیں، سندھ حکومت اپنے خلاف ہر آواز کو دبانا یا بند کرنا چاہتی ہے، لہٰذا ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

Read Comments