Aaj Logo

شائع 01 دسمبر 2022 04:30pm

شمسی سوسائٹی قتل: ڈپریشن کا شکار ہوکر انتہائی قدم اٹھایا، ملزم فواد کا بیان

کراچی کے علاقے شمسی سوسائٹی میں شوہر کے ہاتھوں بیوی اور تین بیٹیوں کا قتل کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس کو دئے گئے بیان میں زیرِ علاج ملزم فواد نے بتایا کہ وہ ڈپریشن کا شکار ہوکر انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوا۔

ملزم فواد نے موبائل فون پرٹائپ کرکے دئے گئے اعترافی بیان میں بتایا کہ کاروبار میں خسارہ ہوا تھا اور بیوی ماں سے علیحدگی پر زور دے رہی تھی۔

ملزم فواد نے قتل سے متعلق پولیس افسران کے سوالات پر چپ سادھ لی اور قتل کے حوالے سے مزید کچھ ٹائپ نہیں کیا۔

پولیس نے مقدمے کے اندراج کیلئے مقتولہ ہما کے لواحقین سے رابطہ کیا، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تھانہ الفلاح مقتولہ کے لواحقین سے ملاقات کیلئے ان کے گھرپہنچے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ ہما کے بھائی کا بیان قلم بند کرکے مقدمہ درج کیا جائے گا، لواحقین مقدمہ درج کرانے پر رضا مند نہ ہوئے تو سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوگا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ جناح اسپتال میں زیرِ علاج ملزم فواد کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔

Read Comments