Aaj Logo

اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2022 06:19pm

ڈاکٹر سیف الرحمان کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر تعینات

کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر ڈاکٹر سیف الرحمان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، حکومت سندھ نے مرتضی وہاب کا استعفیٰ منظور کرلیا۔

پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم میں ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی کا معاملہ طے پاگیا ہے، جس کے بعد سیف الرحمان کو کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹر مقرر کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹر سیف الرحمان اس وقت گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ہیں، جبکہ یہ کمشنر زوب بلوچستان ، ڈی سی سینٹرل ، ڈی جی کے ڈی اے ، اور میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی کراچی جیسے اہم عہدوں پر بھی اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ سیف الرحمان اس سے قبل میونسپل کمشنررہ چکے ہیں۔

سیف الرحمان نے کولمبیا یونیورسٹی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری لی ، امریکہ سے پالیسی برائے معیشت اور پی ایچ ڈی جامعہ کراچی میں مکمل کیا ، سیف الرحمان کے قومی اور بین القوامی جریدوں میں مضامین شائع ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے کراچی کی تعیناتی پرمعاملات طے ہونے پر سندھ حکومت نے ایڈمنسٹریٹر مرتضی وہاب کا استعفیٰ بھی منظور کرلیا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی کا فیصلہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیرناصرحسین شاہ اورشرجیل میمن کے ساتھ موجود ایڈمنسٹریٹر بیرسٹرمرتضی وہاب بھی شریک تھے۔

Read Comments