Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2022 06:15pm

کراچی: چھ سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی کے علاقے گلشن معمار افغان کیمپ میں چھ سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

پیر کو گلشن معمارکے علاقے افغان کیمپ پولیس چوکی کے قریب سے معصوم بچی 6 سالہ حسینہ دختر موسیٰ کی لاش ملی تھی جسے درندہ صفت ملزم نے بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھا۔

مقتولہ افغان کیمپ کی رہائشی اور6 بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھی جبکہ اس کا والد معذور ہے جس کی 6 ماہ قبل ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اورشواہد حاصل کئے اور بچی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا۔

بعدازاں پولیس نے بچی کے قتل اورزیادتی کامقدمہ گلشن معمار تھانے میں درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کردی۔

گلشن معمار پولیس نے موجودہ معلومات کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد یوسف ولد اسماعیل کو گرفتار کیا، گرفتار ملزم نے دورانِ انٹروگیش معصوم بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے نمونے حاصل کر کے میڈیکل کے لیے اسپتال روانہ کردیئے گئے ہیں، گرفتار درندہ صفت ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور مزید قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

Read Comments