Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2022 07:56pm

تحریک انصاف کا پنجاب بھر میں سیاسی پاور شو کرنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب بھر میں سیاسی پاور شو کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

لاہور میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت پنجاب کی قیادت کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں لبرٹی چوک میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا، جہاں کے شرکاء سے عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

ہفتے کے روز لاہور اور پنجاب کے تمام ڈیوژنل ہیڈ کوراٹرز میں ہونے والے جلسوں سے خطاب میں عمران خان آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ اسی ماہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے جارہی ہے، 20 دسمبر سے قبل اسمبلی تحلیل کی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا، البتہ ق لیگ اہم اتحادی ہے جسے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے، ق لیگ اس معاملے پر ایک پیج پر ہے۔

کونسی اسمبلی پہلے تحلیل ہوگی، اس کا فیصلہ عمران خان کریں گے: پرویز خٹک

دوسری جانب لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور رہنما پی ٹی آئی پرویز خٹک نے کہا کہ حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، الیکشن پر بات ہوگی تو مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھیں گے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ کونسی اسمبلی پہلے تحلیل ہوگی اس کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے، البتہ تحریک انصاف ہر وقت الیکشن کے لئے تیار ہے۔

ایک صحافی نے سوال پر پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ ہمارے ساتھ ہیں، اسمبلی توڑ دیں گے، کوئی اختلاف نہیں، سب عمران خان کے ساتھ ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے تمام ارکان عمران کے بیانیے کے ساتھ ہیں۔

Read Comments