Aaj Logo

شائع 07 جنوری 2023 06:28pm

عمران خان نے اعتماد کا ووٹ عدالتی فیصلے سے مشروط کردیا، اراکین کو تیاری کی ہدایت

لاہور: عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پنجاب کے صوبائی وزراء اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان نے اعتماد کا ووٹ عدالتی فیصلے سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ اگر عدالت نے کہا تو ہم اعتماد کا ووٹ لیں گے، البتہ ہمیں اعتماد کےووٹ کے لئے تیاری کرنی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے وزراء کو اراکین اسمبلی کے ساتھ رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کردی جس پر وزراء نے پارٹی چیئرمین کو یقین دہانی کرائی کہ اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو ہمیں مسئلہ نہیں ہوگا۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ اعتماد کا ووٹ لیتے ہی فوری اسمبلی تحلیل کردی جائے، اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ہم اسمبلی تحلیل کریں گے اس پر کوئی دو رائے نہیں اور ووٹنگ کے بعد کے ہم الیکشن کے لئے عوام کے پاس جائیں گے۔

سابق وزیراعظم نے وزراء کو اپنے حلقوں اور ڈیوژن میں اگلے انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے، سازشی ٹولہ کراچی کے بلدیاتی الیکشن سے بھی بھاگنے کی کوشش کر رہا ہے۔

Read Comments