Aaj Logo

اپ ڈیٹ 31 جنوری 2023 10:46pm

گورنر نے خیبر پختونخوا میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو تاریخ دیدی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے الیکشن کمیشن کو انتخابات سے متعلق خط کا جواب ارسال کر دیا۔

گورنر نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو 16، 17 اور 18 اپریل کی تاریخ دے دی ہے۔

حاجی غلام علی نے الیکشن کمیشن کو تاریخ دیتے ہوئے شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو گورنر خیبرپختونخوا کا خط موصول ہوگیا، صوبے میں انتخابات کی تیاریوں سے متعلق کل اجلاس طلب کرلیا جس میں الیکشن کیشن انتخابات کا شیڈول جاری کرے گا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تیاریوں کے لئے 54 دن درکار ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گورنر سے صوبے میں الیکشن کے لئے تاریخ مانگی تھی تاہم غلام علی نے انہیں خط کا جواب نہیں دیا تھا، بعد ازاں گورنر کی جانب سے خط کا جواب نہ دینے پر پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں 90 دن کے اندرانتخابات کرانے کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔

اس سے قبل ایک بیان میں گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ انہیں صوبے میں 90 روز کے اندر الیکشن نظر نہیں آرہے، البتہ الیکشن ایک آئینی تقاضہ ہے اور آئین کے تحت الیکشن کراؤں گا، ہم الیکشن سے انکار نہیں کر رہے۔

حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلیوں کے عام اور قومی اسمبلی کے ضمنی اور پھر قومی الیکشن پر 150 ارب تک لاگت آئے گی، سب پارٹیوں و سیاستدانوں کو ایک ہو کر ایک الیکشن کیلئے ایک تاریخ دینی چاہئے۔

Read Comments