Aaj Logo

شائع 17 فروری 2023 11:17am

عمران خان کی مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات حذف کرنے کی درخواست

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے خلاف دہشت گردی کے مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات حذف کرنے کیلیے پراسیکیوٹر جنرل کو درخواست دے دی۔

الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج پر دہشتگردی کے مقدمے میں نامزد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پراسیکیوٹر جنرل کو درخواست دے دی ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ مقدمے میں سے دہشت گردی کی دفعات حذف کی جائیں۔

عمران خان نے اپنی درخواست میں موقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمے کے واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے دہشت گردی کی دفعات مضحکہ خیز ہیں، مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات سپریم کورٹ کے 7 رکنی بینچ کے فیصلے کی توہین ہے،

عمران خان نے استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ دہشت گردی کے قانون کا استعمال سیاسی مخالفین کو دبانے اور سیاسی مفادات کیلئے ہو رہا ہے جو تباہ کن ہے، ان حربوں سے حکومت کی دہشت گردی کے معاملے میں غیر سنجیدگی کا اظہار بھی ہوتا ہے، مقدمے میں سے 7 اے ٹی اے جیسی دفعہ کو حذف کیا جائے۔

Read Comments