Aaj Logo

شائع 27 فروری 2023 10:17am

نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور ہائیکورٹ میں نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی روکنے کے لئے درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قانون کے تحت چئیرمین نیب کی تعیناتی وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہوتی ہے، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے متنازعہ ہونے کی بناء پر ان کی تعیناتی چیلنج ہے، ان کا تعلق تحریک انصاف سے نہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف اکثریتی جماعت ہے، اپوزیشن لیڈر کا تعلق اکثریتی جماعت سے نہ ہونے کا نکتہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی فیصلہ آنے تک نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی پر عملدرآمد روکنے کا حکم دیا جائے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل 25 فروری کو ظاہر شاہ کو قومی احتساب ایکٹ 1999 کے سیکشن 6 بی کے تحت چیئرمین نیب تعینات کیا گیا تھا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ظاہر شاہ کی تعیناتی 22 فروری سے کی گئی ہے اور وہ اس عہدے پر نئے چیئرمین کے انتخاب تک کام کرتے رہیں گے۔

Read Comments