Aaj Logo

شائع 03 مارچ 2023 12:19pm

عمران خان کی سندھ میں لاقانونیت اور مہنگائی پر آواز اٹھانے کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے ملاقات کی ، عمران خان نے سندھ میں لاقانونیت اور مہنگائی کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے کی ہدایات دے دی۔

سابق وزیراعظم عمران خان سے قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے لاہور میں ملاقات کے دوران سندھ کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ صحت یابی کے بعد سندھ کے تمام اضلاع کا دورہ کروں گا، سب سے زیادہ حقیقی آزادی کی ضرورت سندھ کے عوام کو ہے، سندھ میں عوام کو زرداری مافیا سے نجات دلوائیں گے، مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے سندھ میں خودکشیاں ہورہی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے سندھ میں لاقانونیت اور مہنگائی کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے کی ہدایات دیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اگلے ہفتے سے پورے سندھ میں ویلکم عمران خان مہم چلائیں گے، مہم کے تحت سندھ بھر میں عوامی اجتماعات منعقد کئے جائیں گے، سندھ بھر میں ریلیوں اور کنونشن کا انعقاد بھی ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ وکلاء سمیت پی ٹی آئی کی تمام ذیلی تنظیموں کے ساتھ ملکر مہم چلائی جائیں گی، سندھ کے عوام کو پیپلزپارٹی سے نجات دلوانے کے لئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

Read Comments