Aaj Logo

شائع 13 مارچ 2023 12:18pm

عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی کے خلاف حکم امتناع میں توسیع

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی کی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے عمران خان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ آزادی اظہار کی ضمانت آئین دیتا ہے، عمران خان کے اس بنیادی حق کو سلب نہیں کیا جا سکتا، عمران خان کی تقاریر اور بیانات کو نشر کرنے کی پابندی کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے وکلاء کو پیمرا کے دائرہ اختیار پر دلائل دینے کی ہدایت کی۔

پیمرا کے وکیل نے کہا کہ پیمرا کا دائرہ اختیار ملک بھر میں ہے، جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ پیمرا کے کسی اقدام کے خلاف کسی بھی عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

عدالت نے عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی کے خلاف حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے پیمرا کو جواب داخل کرانے کی ہدایت کردی۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی ۔

یاد رہے کہ درخواست میں عمران خان نے اپنی تقاریر کو نشر کرنے سے روکنے کے اقدام کو چیلنج کر رکھا ہے۔

Read Comments