Aaj Logo

شائع 25 مارچ 2023 05:37pm

کراچی، جعلی کرنسی نوٹ کا کاروبار کرنیوالے ملزمان کے اہم انکشافات

کراچی میں جعلی کرنسی نوٹ کا کاروبار کرنے والے گرفتار دو ملزمان نے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کردیئے۔

ملزمان کا گروہ ڈالر، سعودی ریال، پاونڈز اور درہم کے جعلی کرنسی نوٹ بنا سکتا ہے، جبکہ بیشتر جعلی کرنسی نوٹ خصوصی روشنی میں بھی شناخت نہیں کئے جاسکتے۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق جعلی کرنسی نوٹ بنانے کا دھندہ پشاور سے چل رہا ہے اور گرفتار ملزمان عمران اور شہید اللہ خان نے جعلی کرنسی بنانے والے فیض اللہ کا نام بھی اگل دیا۔

ملزمان نے انکشاف کیا کہ ملیر، سرجانی، کورنگی، نارتھ ناظم آباد اور لیاری میں جعلی کرنسی نوٹ فروخت کئے گئے۔

تفتیشی رپورٹ میں بتایا کہ جعلی کرنسی نوٹ کی خرید و فروخت سوشل میڈیا کے ذریعے بھی کی جاتی رہی جبکہ ملزمان کے گروہ میں خواتین بھی شامل ہیں، جعلی کرنسی نوٹ کی ترسیل کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کی جاتی تھی۔

رپورٹ میں مزید بتایا کہ ملزمان ایک لاکھ مالیت کے جعلی نوٹ 35 ہزار روپے میں فروخت کرتے رہے۔

تفتیش کے دوران ملزمان نے اس گندے دھندے میں ملوث 21 ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے، پولیس کے اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ نے تحقیقات تیز کردیں۔

Read Comments