Aaj Logo

شائع 27 مارچ 2023 04:39pm

حسان نیازی 2 روزہ راہداری ریمانڈ پر کراچی پولیس کے حوالے

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس وین حملہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرکے انھیں دو روزہ راہداری ریمانڈ پر کراچی پولیس کے حوالے کر دیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کی جج کے روبرو حسان نیازی کو پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانا ہے، لیب ٹاپ اور موبائل فون بھی برآمد کرنا ہے۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ہنگامہ آرائی حسان نیازی کی ایما پر ہوئی، تمام واقعات کی تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

حسان نیازی کے وکیل نے بتایا کہ ایف آئی آر بدنیتی پر مبنی ہے، یہ مقدمہ انتقامی بنیادوں پر درج کیا گیا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

عدالت نے کراچی پولیس ٹیم کی جانب سے راہداری ریمانڈ کی استدعا پر حسان نیازی کو دو دن کے راہداری ریمانڈ پر کراچی پولیس کے حوالے کر دیا۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے حسان نیازی کے خلاف مقدمات کی تفصیلات اور کراچی پولیس کو راہداری ریمانڈ سے روکنے کی درخواست پر وفاقی حکومت سمیت فریقین کو 29 مارچ کیلیے نوٹس جاری کر دیئے۔

Read Comments