Aaj Logo

شائع 27 مارچ 2023 05:00pm

کراچی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی

کراچی کے علاقے ملیر سٹی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا۔

کراچی میں ڈاکوؤں کے خلاف شہری آہنی دیوار بن گئے ہیں۔ ملیر سٹی میں بہادر شہری نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی۔

ذرائع کے مطابق ملزمان دکان میں ڈکیتی کی کوشش کررہے تھے، اس دوران شہری نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک اور دو فرار ہوگئے۔

دوسری جانب بلدیہ چوک کے قریب لوٹ مار کرنے والا ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا، فائرنگ اورعوام کے تشدد سے ڈاکو شدید زخمی ہوگیا، پولیس نے زخمی ڈاکو کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں جرائم کی شرح میں اضافے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، میگا سٹی میں ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کے بعد اب شہری اپنی حفاظت کا بندوبست خود ہی کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جس کی مثال ملیر سٹی کا واقعہ ہے جس میں شہری نے فائرنگ کرکے دکان میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنائی۔

Read Comments