Aaj Logo

اپ ڈیٹ 05 اپريل 2023 04:51pm

الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ کے حکم پر 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کروانے کا فیصلہ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کروانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کیا جائے گا، نگراں حکومت سے انتظامی اور سکیورٹی معاملات جب کہ فنڈز کے حصول کے لئے وزارت خزانہ سے رابطہ کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کا نیا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق کاغذات نامزدگی پر اعتراضات 10 اپریل تک فائل کیے جا سکیں گے، الیکشن ٹربیونلز17 اپریل تک اعتراضات پر فیصلہ کریں گے جب کہ امیدوار 19 اپریل کو اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو انتخابی نشان 20 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے، پنجاب میں انتخابات 14 مئی کوکرائے جائیں گے، اقلیتی اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر بھی یہی شیڈول لاگو ہوگا۔

اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا، جس میں ممبران، سیکرٹری و لاء ونگ کے حکام نے شرکت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کی جانب سے جاری تحریری فیصلہ الیکشن کمیشن کو موصول ہوا اور چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں عدالتی فیصلے پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا الیکشن کمیشن کے لاء ونگ نے اجلاس کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی، جب کہ فیصلے کی روشنی میں انتخابات کے انعقاد پر بھی مشاورت کی گئی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق صوبے میں عام انتخابات 8 اکتوبر کو ہوں گے، تاہم الیکشن مؤخر کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر 14 مئی کو پنجاب اسمبلی کے الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے۔

Read Comments