Aaj Logo

شائع 20 اپريل 2023 10:59am

پنجاب الیکشن: مسلم لیگ ن کا کسی بھی امیدوار کو ٹکٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں الیکشن کے لئے کسی بھی امیدوارکو ٹکٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ لیگی امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی فی الحال واپس نہیں لیے جائیں گے۔

پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ 14 مئی کے انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ ن کا مؤقف بڑا واضح ہے۔

لیگی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی امیدوار کے ٹکٹ اور شیر کے نشان کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کروائی جائے گی۔

واضح رہے کہ الیکشن شیڈول کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو پارٹی نشان الاٹ کرنے ہیں۔

دریں اثنا لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے پنجاب الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا، امیدواروں کو ٹکٹیں جاری نہیں کی ہیں، سپریم کورٹ میں ہمارا مؤقف ہے کہ 14 مئی کے الیکشن کو نہیں مانتے۔ بائیکاٹ اس وقت ہوتا ہے جب امیدوار کاغذات واپس لے لیں۔

یاد رہے کہ آج پنجاب میں الیکشن کیلئے ٹکٹ جمع کروانے کا آخری روز ہے، تحریک انصاف کی جانب سے تمام امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیے گئے ہیں۔

Read Comments