Aaj Logo

اپ ڈیٹ 01 مئ 2023 02:16pm

وزیراعظم کی بارشوں کی صورتحال پر وفاقی اور صوبائی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

وزیراعظم شہبازشریف نے بارشوں کی صورتحال پر وفاقی اور صوبائی اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کر دی۔

ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے وزیراعظم کی جانب سے وفاقی اور صوبائی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم اے) کو صورتحال کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی ادارے صوبائی حکومتوں اور محکموں کے اشتراک عمل سے کام کریں، جہاں جس چیز کی ضرورت ہو، عوام کے تحفظ اور مدد کے لئے فراہم کی جائے، جہاں ضرورت ہے وہاں عوام کو فوری محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جائے۔

انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بین الصوبائی قومی شاہراہوں کی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لسبیلہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ اور بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنایا جائے، مختلف شاہراہوں اور متاثرہ علاقوں میں عوام کو خبردار رکھا جائے،عوام کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ بارشوں کی صورتِ حال میں شہریوں کی خدمات کے تمام محکمے الرٹ رہیں، عوام سے اپیل ہے کہ موسمی شدت کی صورتِ حال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Read Comments