Aaj Logo

شائع 05 مئ 2023 01:05pm

محکمہ خوراک پنجاب کو گوجرانوالہ کی 4 فلور ملز ڈی سیل کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ خوراک پنجاب کو گوجرانوالہ کی چار فلور ملز ڈی سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی ہے۔

جسٹس انوار حسین نے کیس پر سماعت کی، درخواست گزار فلور ملز کی وکیل بیرسٹر ردا نور نے دلائل دئیے کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو قانون کے مطابق کاروبار کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

مزید کہا کہ محکمہ خوراک کو قانون کے تحت 72 گھنٹے سے زائد پسائی کرنے والی ملوں کیخلاف کارروائی کا قانونی اختیار نہیں ہے۔ تمام ملوں کو غیر قانونی طور پر سیل کیا گیا، ملوں کو سیل کرنے سے آٹا اور گندم خراب ہو سکتی ہے۔

عدالت فلور ملوں کے خلاف جاری محکمہ خوراک کی کاروائی کو روکنے اور ملوں کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ محکمہ خوراک پنجاب نے 72 گھنٹوں سے زائد گندم کی پسائی کرنے پر ملوں کیخلاف کاروائی کی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملوں کو ڈی سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے دائر درخواست نمٹا دی۔

Read Comments