Aaj Logo

شائع 09 مئ 2023 02:07pm

عمران خان کی تمام 7 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تمام 7 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔

سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر متعلقہ عدالت پہنچے، وہ 7 مختلف مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت جج نے سوال کیا کہ کتنی ضمانت کی درخواستیں ہیں؟ جس پر عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ ضمانت کی 7 درخواستیں ہیں، ہمارا دیر سے آنے کا ارادہ نہیں تھا، ہمیں جوڈیشل کمپلیکس آنے نہیں دیا گیا، اس لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے درخواستِ ضمانت دائر کی۔

وکیل نے استدعا کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پیشی کے لیے 2 ہفتوں کی تاریخ دے دیں، انہیں شاملِ تفتیش ہونا ہے۔

عدالت نے 23 مئی تک عمران خان کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔

عدالت نے عمران خان کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا۔

Read Comments