Aaj Logo

شائع 17 مئ 2023 02:08pm

پی ٹی آئی کے ساتھ 10سال گزارے نئی پارٹی کا ابھی سوچا نہیں، جہانگیر ترین

سینیئر سیاستدان جہانگیرترین کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ 10سال گزارے، نئی پارٹی کا ابھی سوچا نہیں۔

عون چوہدری، فیصل حیات اور اسحاق خاکوانی کے ہمراہ تحریک انصاف کے منحرف رہنما جہانگرترین نے شرپسندی کے واقعے میں جلا دیے جانے والے جناح ہاؤس کا دورہ کیا، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نے جناح ہاؤس میں جو دیکھا بہت افسوس ہے۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ انہوں نے جناح ہاؤس کا کیا حال کیا، ساری زندگی پاکستان میں گزاری، سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ جناح ہاؤس پر ایسا ہو سکتا ہے، جس جس نے قومی اثاثے کے ساتھ ایسا کیا ان کو کیفرکردار تک پہنچانا چاہئے۔

سینئر سیاستدان نے کہا کہ کسی کے گھر میں گھسنا ہماری تہذیب میں نہیں، اللہ ان کوعقل دے 75 سال کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا، اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، ایساواقعہ دوبارہ نہیں ہونا چاہیئے۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ 10سال گزارے، اتنا وقت اس لیے دیا کہ ملک کو بہتر بنایا جائے، نئی پارٹی کا ابھی سوچا نہیں، اس موقع پر سیاسی بات کرنے کا موقع نہیں۔

Read Comments