Aaj Logo

شائع 25 مئ 2023 12:09pm

اثاثہ جات کیس: احتساب عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کی درخواست نمٹادی

لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

احتساب عدالت لاہور میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے استفسار کیا کہ عثمان بزدار کہاں ہیں، آج بھی پیش نہیں ہوئے۔

جس پر وکیل نے کہا کہ ہم نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے کی درخواست کی ہے۔

فاضل جج نے قرار دیا کہ عثمان بزدار کو پیش کریں پھر درخواست واپس لے لیں۔

عثمان بزدار کے وکیل بیرسٹر مومن ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ ابھی نیب کو عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب نہیں، اگر ضرورت پڑی تو کچھ عرصہ بعد دوبارہ عبوری ضمانت دائر کریں گے، عثمان بزدار طبعیت خراب ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب ہے۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی انکوائری جاری ہے، تفتیش کے لیے طلب کریں گے، وارنٹ گرفتاری 6 ماہ بعد جاری ہوں گے۔

بعدازاں عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

Read Comments