Aaj Logo

شائع 01 جون 2023 03:35pm

لاہور ہائیکورٹ کا خدیجہ شاہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم

لاہور ہائی کورٹ نے جناح ہاؤس پر حملے اور 9 مئی کے واقعات پر گرفتار فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی خدیجہ شاہ کی رہائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست پر سماعت ہوئی۔

اس دوران ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش نے پیش ہو کر عدالت میں جواب جمع کرایا جسے عدالت نے غیر تسلی بخش قرار دیا۔

عدالت نے پولیس حکام سے استفسار کیا کہ خدیجہ کو عدالت میں کیوں پیش نہ کیا گیا، 31 مئی کا عدالتی آرڈر واضح ہے۔

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے خدیجہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔

جناح ہاؤس لاہور میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے کیس میں خدیجہ شاہ کو 24 مئی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جس کے بعد عدالت نے انہیں 7 دن کے لیے شناخت پریڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب چند روز قبل خدیجہ شاہ نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے کیئے پر معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ تمام پاکستانیوں کی طرح میں بھی گزشتہ کچھ دنوں میں ہونے والے خصوصاً مسلح افواج کی تنصیبات اور یادگارِ شہداء کے واقعات پر افسردہ ہوں۔

Read Comments