Aaj Logo

شائع 12 جون 2023 12:35pm

جناح ہاؤس حملہ کیس: چئیرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی ضمانت منظور

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چئیرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔

اے ٹی سی لاہور میں علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

علیمہ خان نے تھانہ سرور روڈ میں جناح ہاؤس پر حملہ کیس میں رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور اے ٹی سی میں ضمانت کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پولیس نے غیر قانونی طور پر مقدمہ میں ملوث کیا، جناح ہاؤس پر موجودگی سے کوئی جرم ثابت نہیں ہوتا۔

علیمہ خان نے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے لوگوں کو جناح ہاؤس کے اندر جانے سے روکا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ تحقیقات میں شامل ہونا چاہتے ہیں، لیکن خدشہ ہے کہ پولیس گرفتار کر لے گی۔

علیمہ خان نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالت ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے علیمہ خان کی 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور پولیس سے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

عدالت نے علیمہ خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

Read Comments