Aaj Logo

شائع 24 جون 2023 01:39pm

عید کے موقع پر ٹرینوں کے کرایوں میں بڑی کمی کردی گئی

پاکستان ریلوے نے عید الضحیٰ پر تمام ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

پاکستان ریلویز نے کرایوں میں کمی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ عید کے تین روز کے لئے کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عید قربان کے تینوں دن تمام مسافر ٹرینوں کی تمام کلاسز کا کرایہ 33 فیصد سستا کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان ریلوے نے عیدالاضحٰی پر تین اسپیشل ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

ریلوے حکام کے مطابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر مسافروں کی سہولت اور عید پر سفر کرنے والوں کے رش کے پیش نظر اسپیشل ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق پہلی اسپیشل ٹرین 26 جون کی صبح 10 بجے کوئٹہ سے روانہ ہوگی، جو اگلے روز براستہ لاہور پشاور پہنچے گی۔

دوسری ٹرین 27 جون کی رات ساڑھے 8 بجے کراچی سے چلے گی اور براستہ ملتان لاہور کیلئے روانہ ہوگی۔

تیسری ٹرین 3 جولائی کو صبح 11 بجے لاہور سے براستہ ملتان ہوتی ہوئی کراچی پہنچے گی۔

Read Comments