پشاور: 24 گھنٹوں میں سکھ برادری کے 2 افراد پر قاتلانہ حملہ، ایک ہلاک

گزشتہ روز بھی فائرنگ سے ایک سکھ زخمی ہوگیا تھا
اپ ڈیٹ 24 جون 2023 11:53pm

پشاور کے علاقے گلدرہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی فائرنگ سے سکھ مون موہن سنگھ ہلاک ہوگیا ہے۔

پشاور میں ایک بار پھر سکھ نشانے پر آنے لگے، 24 گھنٹوں میں 2 سکھ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کا نشانہ بن گئے۔

پشاور پولیس کہنا ہے کہ گلدرہ کے رہائشی سکھ من موہن سنگھ رکشے میں گھر جارہا تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نشانہ بنایا۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھا کرکے مختلف زاویوں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پشاور کے علاقے رشید گڑھی میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے سکھ پنساری ترلوک سنگھ زخمی ہوگیا تھا۔

سی سی پی او کا سکھ من موہن سنگھ کے قتل کا نوٹس

دوسری جانب سی سی پی او نے سکھ من موہن سنگھ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی۔

سی سی پی او کا کہنا ہے کہ سکھ کمیونٹی کے ساتھ واقعہ افسوسناک ہے، ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے دائرے میں لایا جائے گا۔

Read Comments