Aaj Logo

اپ ڈیٹ 27 جون 2023 02:34pm

خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما خدیجہ شاہ نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا ہے، عدالت نے درخواست پر دفتری اعتراض ختم کر کے سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

عسکری ٹاور حملہ کیس میں خدیجہ شاہ نے درخواست ضمانت بعداز گرفتاری لاہورہائیکورٹ میں دائر کردی۔ پی ٹی آئی رہنما نے سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست ضمانت دائر کی اور عدالت سے استدعا کی کہ عسکری ٹاورتوڑ پھوڑ کیس میں بعد از گرفتاری ضمانت منظور کی جائے۔

عدالت نے درخواست پر دفتری اعتراض بھی ختم کر دیا، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اعتراضی درخواست پر سماعت کی اور درخواست ضمانت کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

یاد رہے کہ 19 جون 2023 کو عسکری ٹاور حملہ کیس میں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرکے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی تھی، خدیجہ شاہ کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے خدیجہ شاہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا۔

Read Comments