Aaj Logo

شائع 08 جولائ 2023 07:59pm

پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے اکاؤنٹس سے خورد برد کرنے والے ملزم کو قید اور جرمانے کی سزا

پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے اکاؤنٹس سے خورد برد کرنے والے ملزم کو 11 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں اسلحہ اور گولہ بارود تیار کیا جاتا ہے، جس سے نہ صرف ملک کی مسلح افواج کی دفاعی ضروریات پوری کی جاتی ہیں بلکہ ملکی اور برآمدی مارکیٹ کی ضروریات کو بھی پورا کیا جاتا ہے۔

ملزم محمد انسباط نے بطور کیشیئر تعیناتی کے دوران مختلف اکاؤنٹس سے لاکھوں روپے بٹورے، جس کے خلاف ایف آئی اے کمپوزیٹ سرکل ایبٹ آباد میں مقدمہ درج تھا۔

ملزم کے خلاف درخواست پاکستان آرڈیننس فیکٹری کی جانب سے دی گئی۔ مقدمے کی تفتیش مکمل ہونے پر عدالت میں چالان جمع کروایا گیا۔

اسپیشل جج سینٹرل اینٹی کرپشن ایبٹ آباد نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے محمد انسباط کو مجرم قرار دیتے ہوئے 11 سال قید اور 7 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

Read Comments