Aaj Logo

اپ ڈیٹ 19 اگست 2023 01:30pm

صادق آباد کے نوجوان نے خزانے کی تلاش میں اپنا قدیمی گھر گرا دیا

صادق آباد کے نواحی علاقہ سنجر پور کے رہائشی نوجوان کو خزانے کی لالچ میں اپنے ہی گھر کی کھدائی کرنا مہنگا پڑا۔

خزانے کی تلاش میں 100 سال قدیم گھر کی کھدائی شروع کرنے پر وہ خستہ حال ہونے کی وجہ سے ہمسایوں کے گھر پرجا گرا۔

صادق اباد کے نواحی علاقہ سنجرپور میں بہت سی پرانی عمارتیں اور مکان موجود ہیں، بیشتر مقامی لوگ اس بات پر یقین کرتے ہیں کہ ان عمارتوں کے نیچے خزانہ موجود ہے اسی سوچ پر سنجر پور کے رہائشی نوجوان محمد ارشد نے خزانے کی تلاش میں گھر کے صحن میں کھدائی شروع کردی۔

بات ہمسائیوں کے علم میں آنے پر انہوں نے نوجوان کو اس اقدام سے باز رہنے کو کہا لیکن بار بار منع کرنے کے باوجود نوجوان کھدائی کرتا رہا۔

مکان 100 سال پرانا تھا، اس لیے خستہ حال ہونے کے باعث کھدائی کے دوران گھر کا بڑا حصہ ہمسایوں کے گھر جا گرا۔ تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔

نوجوان کے ہمسایہ گرنے والے مکان کے ملبے سے اپنے گھر کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے درخواست لے کر تھانہ کوٹ سبزل جا پہنچا۔

ہماسیوں کا مطالبہ ہے کہ کھدائی کرنے والے نوجوان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

Read Comments