Aaj Logo

شائع 31 اگست 2023 07:11pm

جماعت اسلامی کا ہفتے کو ہڑتال کا اعلان ’بڑے دھرنے کا اعلان کرنے والے ہیں‘

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 2 ستمبر کو پر امن احتجاج اور ہڑتال کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ”عنقریب ہم ایک بڑے دھرنے کا اعلان کرنے والے ہیں“۔

کراچی میں نیو ایم اے جناح روڈ پر خواتین کارکنان سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج کا احتجاج کروڑوں ماؤں اور بہنوں کا نمائندہ احتجاج ہے، تمام پاکستانی 2 ستمبر کو پُر امن احتجاج میں شرکت کریں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم لیکچر دیتے ہیں بجلی کے بلوں میں ریلیف نہیں دیتے۔

انھوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی وجہ سے غریب چیخ رہے ہیں ، لوگ بجلی کا بل ادا کریں یا بچوں کے اسکولوں کی فیس بھریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوں کی وجہ سے پورے پاکستان میں آگ لگی ہوئی ہے، ہمارا ملک انارکی کا متحمل نہیں ہوسکتا، اور دوسری طرف ساری پارٹیاں اور نیپرا حکومت سے ملی ہوئی ہیں۔

جماعت اسلامی کے احتجاج کی کال کے حوالے سے 28 اگست کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی ٹوئٹ کرکے ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف 2 ستمبر کو ملک بھر میں ہڑتال کریں گے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ کراچی سے چترال تک ظالمانہ فیصلے کے خلاف عوام سڑکوں پر نکلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :

کراچی میں متعدد مقامات پر احتجاج کے باعث شدید ٹریفک جام

بجلی بلوں کیخلاف احتجاج، جماعت اسلامی اور تاجروں کا ملک گیر ہڑتال کا اعلان

واضح رہے کہ آج نیو ایم اے جناح روڈ پر بھی جماعت اسلامی کی خواتین نے احتجاج کیا اور بجلی کے بلوں میں اضافہ نامنظور کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر پولیس کی نفری موجود رہی، خواتین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے ہیں۔

Read Comments