Aaj Logo

شائع 01 ستمبر 2023 04:53pm

چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنے کے لئے آئے وکلا کو پولیس ناکے پر روک لیا گیا

پی ٹی آئی چیئرمین سے ملنے کے لئے آئے وکلا کو پولیس ناکے پر روک دیا گیا، جب کہ تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے رکن شیراز رانجھا کا کہنا ہے کہ اٹک جیل اتنظامیہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ان کے بیٹوں سے فون پر بات کرانے کی بھی اجازت نہیں دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کے لیے ان کے وکلا کی ٹیم اٹک جیل پہنچی، وکلاء میں شیراز احمد رانجھا اور گوہرعلی شامل تھے، جنہیں پولیس نے جیل کے ناکے پرروک لیا۔

ایڈوکیٹ گوہرعلی کا کہنا تھا کہ کورٹ کے آرڈر سے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آئے تھے، لیکن پولیس کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی۔

شیراز رانجھا نے کہا کہ عدالت نے حکم دیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کے بیٹوں کی فون پر بات کروائی جائے، اور جیل کو احکامات بھی موصول ہو چکے ہیں، تاہم جیل حکام نے قاسم اور سلیمان کی اپنے والد سے بات کروانے سے بھی انکار کردیا ہے۔

شیراز رانجھا کا کہنا تھا کہ جیل حکام آئین اور قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

Read Comments