Aaj Logo

شائع 20 ستمبر 2023 07:57pm

دکی: ’ذاتی رنجشوں پر کوئلہ لوڈنگ اور ہالج بند کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی‘

دکی میں لورالائی اسکاؤٹ بریگیڈ میں آل پاکستان مائن اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کا اجلاس بریگیڈیئیر رزاق احمد کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں 87 ونگ دکی کے ونگ کمانڈر کرنل نعمان محبوب ملک سمیت آل پاکستان مائن اینڈ منرل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹی فتح شاہ، سینٹرل کمیٹی کے ممبران دکی کے کول مائنز اونرز سردار معصوم خان ترین، سردار محمد انور ناصر، سردار خوشدل خان لونی،، ڈسٹرکٹ دکی چئیرمین حاجی خیراللہ ناصر، میونسپل کمیٹی دکی کے چئیرمین ملک کلیم اللہ خان ترین اکبر خان ناصر اور دیگر نے شرکت کی۔

تمام شرکاء نے ایف سی کے کوئلے کے کاروبار کی سیکیورٹی کو سراہا اور احسن اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں مندرجہ ذیل نکات زیر بحث آئے اور ان نکات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کول مائنز ایریا اور ٹرکوں کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات کی سختی سے تاکید کی گئی ہے کہ خاندانی یا ذاتی رنجش کی بناء پر کوئی کسی کا ہالج یا لوڈنگ بند نہیں کرے گا اور عوام اپنے خاندانی یا ذاتی رنجشوں کو قبائلی طریقے سے حل کریں گے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قبائلی تنازعات کو کسی صورت کوئلے کے کاروبار پر اثرانداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔

میڈیا اور سوشل میڈیا پر کوئلے کے کاروبار کی بندش کے حوالے سے دھمکی خیز بیانات شائع کرنے یا پھر پوسٹر چھپوانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائیگی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Read Comments