Aaj Logo

شائع 27 ستمبر 2023 08:55pm

کچھ ساتھی نئی سیاسی جماعت کیلئے کمربستہ ہیں، قمر زمان کائرہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء قمر زمان کائرہ نے بھی تصدیق کردی ہے کہ ایک نئی سیاسی جماعت کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں ایک ’نئی اور مؤثر سیاسی جماعت‘ بنائے جانے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی سیاسی جماعت بنانا کوئی اچنبھے کی بات نہیں، کچھ ساتھی نئی سیاسی جماعت کیلئے کمربستہ ہیں، سیاسی جماعت بنانا اور الیکشن لڑنا سب کا استحقاق ہے۔

انہوں نے نئی سیاسی جماعت بنانے والوں کو مشورہ دیا کہ ’نہ اُن کو کسی سہارے کی تلاش کرنی چاہیے نہ کسی سہارے کو ان کی تلاش کرنی چاہیے‘۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کوئی نئی جماعت نیا نظریہ تو نہیں لاسکتی، ہر جماعت بہتر گورننس اور معیشت کی ہی بات کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکیوٹیو کمیٹی (سی ای سی) نے الیکشن کے حوالے سے آصف زرداری کو اختیار دیا ہے، ہمیں ن لیگ سے بھی لیول پلئینگ فیلڈکی شکایت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ تمام معاملات مذاکرات سے حل ہوں۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے بھی نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے کہا کہ دنیا میں اب آئیڈیالوجیز نئی نہیں آرہیں، تمام تجربہ کار لوگ مختلف جماعتوں میں رہے ہیں، جب پرانے لوگ نئی جماعت بناتے ہیں تو سوال اٹھیں گے، سوال ہوگا کہ پہلے اقتدار میں تھے تو آپ نے کیا کیا۔

خرم دستگیر نے کہا کہ 2013 سے 2018 کامیاب ترین حکومت تھی، اس دوران مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ درست نہیں کہ مہنگائی کی وجہ سےملک تباہ ہوگیا ہے، مشکلات ضرور ہیں لیکن تباہی کا تاثر دینا درست نہیں، آج کے حالات 2013 سے مختلف نہیں ہیں۔

Read Comments