کراچی: ایف آئی اے کا الیکٹرانک مارکیٹ پر چھاپہ، ایک کروڑ روپے کے موبائل برآمد

پکڑے گئے موبائل فونز میں برطانیہ سے چوری کیے جانے والے فون بھی شامل ہیں، ایف آئی اے
شائع 22 اکتوبر 2023 11:48am

ایف آئی اے نے صدر میں الیکٹرانک مارکیٹ پر چھاپہ مار کر اسمگل اور چوری کیے گئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 250 موبائل فون برآمد کر کے 2 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل نے کراچی کے علاقے صدر میں واقع الیکٹرانک مارکیٹ پر چھاپہ مار کر اسمگل اور چوری کیے گئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 250 موبائل فون برآمد کرلئے۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ اسمگل اور چوری شدہ موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر بیرون ملک سے خریدے گئے ایک جدید سافٹ ویئر کے ذریعے تبدیل کیے جاتے تھے۔

ترجمان کے مطابق کارروائی میں 2 ملزمان بھی گرفتار ہوئے ہیں، جن سے پی ٹی اے کے سسٹم میں پہلے سے رجسٹرڈ موبائل فون نمبرز کا ڈیٹا بھی برآمد ہوا ہے۔ برآمد کیے جانے والے موبائل فونز میں برطانیہ سے چوری کیے جانے والے فون بھی شامل ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے جعل سازی کے ذریعے پی ٹی اے کو 5 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا، اینٹی کرپشن سرکل نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

Read Comments