Aaj Logo

شائع 21 نومبر 2023 10:29pm

نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا نہروں کی دیکھ بھال، صفائی کی صورتحال پر اظہار عدم اطمینان

نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے پشاور کی نہروں کی دیکھ بھال اور صفائی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔

نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں نگراں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ایریگیشن، کمشنر پشاور، سی سی پی او اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

نگراں وزیراعلیٰ نے نہروں کی دیکھ بھال اور صفائی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے نگراں صوبائی وزیر آبپاشی اور سیکرٹری کو نہروں کی دیکھ بھال اور مرمت کے کاموں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ تمام وزراء اور سیکرٹریز اپنے اپنے محکموں سے متعلق امور کی نگرانی کے لیے باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کریں، محکموں کے معاملات میں بد انتظامی اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ وہ خود باقاعدگی سے دورے کرکے معاملات کا جائزہ لیں گے، اس سے پہلے تمام سیکرٹریز فیلڈ میں جاکر اپنے محکموں کے معاملات ٹھیک کریں، دورے کے دوران کوئی غلطی یا کوتاہی سامنے آئی تو متعلقہ سیکرٹری ذمہ دار ہوگا۔

Read Comments