Aaj Logo

شائع 22 نومبر 2023 09:59am

چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں 9 دسمبر تک توسیع کردی گئی۔ جب کہ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان شامل تفتیش نہیں ہورہے۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں، اسدعمر اور دیگر کی ضمانتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی۔

سابق وفاقی وزیر اسدعمر اور زین قریشی عدالت میں پیش نہ ہوئے، اور حاضری معافی کی درخواست دائر کردی، عدالت نے دونوں ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

تفتیشی افسر نے عدالت میں مؤقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ ملزمان شامل تفتیش نہیں ہورہے، تفتیش بھی مکمل نہیں ہوئی مہلت دی جائے۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں 9 دسمبر تک توسیع کردی اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

Read Comments